
بیروت: شمالی مقبوضہ فلسطین میں واقع صیہونی بستیوں مسگاف عام اور مرگلیوت میں حزب اللہ کے ڈرونز کے خوف سے خطرے کے سائرن بج اٹھے۔ رپورٹس کے مطابق، نصف گھنٹے سے بھی کم وقت میں چار مرتبہ خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ دوسری جانب، خبر رساں ذرائع نے بتایا ہے کہ حزب اللہ کے جوابی حملے کے نتیجے میں شمالی مقبوضہ فلسطین کی صیہونی بستی مرگلیوت میں زور دار دھماکے سنے گئے۔ ادھر صیہونی فورسز کے ساتھ سیکیورٹی واقعے کی اطلاعات کے بعد حزب اللہ نے اعلان کیا کہ اس نے اسرائیلی فوج کی برانیت بیرک میں نصب آئرن ڈوم دفاعی نظام کو ایک ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔ حزب اللہ نے مزید کہا کہ اس نے “ابابیل” خودکش ڈرون کے ذریعے الراہب مقام پر اسرائیلی فوج کی ایک بکتر بند گاڑی کو بھی نشانہ بنایا۔


































