
بیروت : حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ شہید راہ قدس سید حسن نصر اللہ کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک بھائی، ایک پیارے انسان اور اپنے باپ کو کھو دیا۔ شیخ قاسم نے کہا کہ سید حسن نصر اللہ مجاہدین سے محبت کرتے تھے ان کے پاس جو کچھ تھا خدا کی خاطر دے دیا۔ وہ امام خمینی اور رہبر معظم کی راہ کے حقیقی پیرو تھے۔ شہید حسن نصر اللہ فلسطین کی آزادی کے عاشق تھے۔
انہوں نے کہا کہ سید حسن نصراللہ کی شہادت کے باوجود حزب اللہ کی کاروائیوں میں کمی نہیں آئے گی۔ حزب اللہ کی جانب سے حیفا پر ایک میزائل فائر کرنے سے دس لاکھ صیہونی پناہ گاہوں میں چھپ گئے ہیں۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ سید حسن نصراللہ ان تمام لوگوں کے پیارے ہیں جو فلسطین کو صیہونیوں کی غلاظت سے آزاد کرانے اور امریکی صیہونی استکبار کی طاقت کو توڑنے کی امید رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بیت المقدس کی آزادی کیلئے ہماری قربانیاں مقصد کے مقابلے میں بہت معمولی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہماری فوجی صلاحیتوں تک نہیں پہنچ سکے گا۔ ہم کسی بھی امکان کا سامنا کریں گے۔ اگر اسرائیلیوں نے زمینی راستے سے لبنان میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا تو مزاحمتی قوتیں زمینی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیجرز سے قتل عام، کمانڈرز اور حسن نصراللہ کی شہادت اور دیگر صیہونی جرائم کے باوجود ہم مسلسل اور ثابت قدم ہیں۔ اگر اسرائیل سمجھتا ہے کہ سفاکانہ ہونے کا عزم اپنا مقصد حاصل کر لے گا تو یہ فریب ہے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اپنے اہداف اور اپنے جہاد کے میدان میں ثابت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کا نظام سید حسن نصراللہ کے قائم کردہ درستگی کے ساتھ جاری ہے اور مزاحمت اسی رفتار سے فلسطین کے دفاع اور غزہ کی حمایت جاری رکھے گی۔


































