
بیروت : حزب اللہ نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں یہودیوں کے مقدس ترین دن یوم کپور پر لبنان سے اسرائیل پر تین سو بیس راکٹ داغ دئے۔حزب اللہ نے اسرائیل کے زیر قبضہ کئی بستوں کو نشانہ بنایا۔ کریات شمونہ میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا اور وہاں آگ بھڑک اٹھی۔ جاردہ ملٹری سائٹ پر ایک اسرائیلی اسمبلی پوائنٹ کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ گولان کی پہاڑیوں میں حما کے اڈے پر بھی راکٹ داغے گئے۔ ادھر حیفا کے نزدیک صیہونی فوجیوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ جھڑپوں میں دس فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ جنہیں ہیلی کاپٹر سے اسپتال منتقل کیا گیا۔ حزب اللہ نے شمالی اسرائیل کے علاقوں میں صیہونیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوجی تنصیبات سے دور ہوجائیں کیونکہ بعض رہائشی علاقوں میں واقع گھر اور فوجی اڈے حزب اللہ کا نشانہ ہوں گے۔ادھر صیہونی فوج نے جنوبی لبنان کے علاقے کفر طبنیعت میں ایک قدیمی مسجد کو میزائل مار کر تباہ کردیا۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے علاقے نباطیہ پر فضائی حملہ کیا جس میں دو افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ جبکہ علاقے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پورے لبنان کے علاقوں میں گولہ باری جاری رکھی ہے۔


































