
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف سے ترک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے ملاقات کی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال، باہمی و پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، ہمارے تعلقات کی جڑیں گہری، ثقافتی اورمذہبی وابستگیوں میں جڑی ہوئی ہیں۔ آرمی چیف نےملاقات میں افغانستان میں امن اورمفاہمت کے اقدامات کی اہمیت سمیت افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں فریقین نے تربیت اور انسداد دہشت گردی میں عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ترک چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ترک چیف آف جنرل اسٹاف نے افغان صورتحال، بارڈر مینجمنٹ اور علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔


































