
گلگت(نیٹ نیوز) آئی جی پی گلگت بلتستان ڈاکٹر مجیب الرحمن کی زیر صدارت سائبر کرائم کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نفرت آمیز اور فرقہ وارانہ مواد شیئر کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا اور سائبر کرائم ایکٹ پر مکمل عملدرآمد کیلئے متعلقہ فورم کا اتفاق اور سائبر کرائم ونگ کے ساتھ مکمل تعاون کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سائبر پٹرولنگ کا بھی فیصلہ کیا گیا اور مرتکب افراد پر کڑی نظر رکھنے اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں سائبر کرائم ونگ، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کے ساتھ ساتھ باقاعدگی سے ماہانہ اجلاس کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام زمہ دار محکمہ جات کا ایک ایک فوکل پرسن مقرر کرینگے جو ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر گلگت سی پی او میں جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے کہ کس کے خلاف کیس کا اندراج ہو۔


































