
واشنگٹن: امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے بھی صدر ٹرمپ کو ایران جنگ سے نکلنے اور کشیدگی کم کرنے کا مشورہ دیدیا۔ امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق جنرل کین کو خدشہ ہے کہ مزید فوجی کارروائی محدود نتائج کے ساتھ بڑے ردعمل کا باعث بن سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کین اور دیگر فوجی حکام سمجھتے ہیں کہ صرف فضائی طاقت سے تہران کو امریکی مطالبات ماننے پر مجبور کرنا مشکل ہے۔ سی این این نے تین ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جنرل ڈین کین نے اعلیٰ ٹرمپ انتظامیہ حکام سے اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ ان حکام میں سی آئی اے ڈائریکٹر جان ریٹکلف، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور نائب صدر جے ڈی وینس شامل ہیں۔ گذشتہ ماہ حکام نے مزید فوجی کارروائی کی تجویز پر شکوک کا اظہار کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق امریکا کے پاس فضائی دفاعی میزائلوں اور دیگر درست نشانے والے ہتھیاروں کے ذخائر بھی کم ہو رہے ہیں۔


































