
لندن : برطانیہ سے لیکر جنوبی کوریا تک لاکھوں فلسطینی حامی سڑکوں پر نکل آئے اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ سب سے بڑی ریلی لندن میں نکالی گئی جس میں لاکھوں افراد نے حصہ لیا۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا کہ جنگ بند اور نسل کشی کا خاتمہ کرو۔ مظاہرین نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا.
کارڈف، ویلز، اور مانچسٹر میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ اسرائیلی حملوں کے خلاف جنیوا میں فلسطینی حامیوں نے بڑا مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر تک مارچ کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی اور نسل کشی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
نیدر لینڈ کے شہر دی ہیگ میں پولیس کی رکاوٹوں کے باوجود درجنوں فلسطینی حامی سڑکوں پر نکل آئے۔ شرکاء نے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر جنگ بندی کے حق میں نعرے لکھے تھے۔ ڈین ہاگ شہر میں بھی ریلی نکالی گئی۔ روٹرڈیم میں مرکزی چوک پر غزہ میں بچوں کے قتل کی مذمت کیلئے ہزاروں جوتے رکھ دئے گئے۔ ناروے میں بھی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا۔
کینیڈا کے شہر اوٹاوا میں یونیورسٹی کے درجنوں طلباء اور فیکلٹی نے غزہ میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے واک آؤٹ کیا۔ یہ مظاہرہ جاری اسرائیلی قبضے کی وجہ سے خطے میں تعلیمی اداروں کی وسیع پیمانے پر تباہی کا ردعمل تھا۔ آئرلینڈ کے شہر کارک میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے آئرش ہیلتھ کیئر ورکرز سڑکوں پر نکل آئے اور طبی عملے کی شہادتوں پر شہر میں مارچ کیا۔ فلسطین کے حامی مظاہرین نے سیول کے شمالی اور جنوبی دونوں حصوں میں دو ریلیاں نکالیں، جن میں غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔


































