
مسقط: عمان کے دارالحکومت مسقط میں مسجد میں فائرنگ کے واقعے میں 4 پاکستانی اور 1 بھارتی سمیت 6 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کا واقعہ عمان کی الوادی الکبیر میں واقع مسجد امام علی بن ابی طالب میں پیش آیا۔ فائرنگ کے وقت مسجد میں 700 سے زائد افراد موجود تھے اور مجلس عزا جاری تھی جس کے بعد عاشور کا جلوس برآمد ہونا تھا۔ مسلح افراد نے مسجد میں خواتین اور بچوں سمیت دیگر نمازیوں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ مسجد سے یرغمالیوں کو عمانی پولیس نے رہا کرایا۔ مسجد میں فائرنگ کرنے والے 3 حملہ آوروں کو مار دیا گیا۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق وادی کبیر کی علی بن ابی طالب مسجد میں دہشت گرد حملے میں زخمی پاکستانی عمان کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جہاں پاکستانی سفیر نے زخمیوں کی عیادت کی۔ پاکستانی سفارتخانہ کے مطابق حملے میں شہید ہونے والوں میں غلام عباس، حسن عباس، سید قیصر عباس اور سلیمان شامل ہیں۔


































