
ریاض : سعودی عرب نے غزہ میں قحط کے باضابطہ اعلان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی برادری کے ضمیر پر داغ قرار دیاہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں انسانی تباہی اسرائیلی حکام کی مسلسل خلاف ورزیوں کو روکنے اور جوابدہی کے میکانزم کی عدم موجودگی کا براہ راست نتیجہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جب تک بین الاقوامی برادی خاص طور پر سلامتی کونسل کے مستقل ارکان قحط کے خاتمے اور فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جرائم اور تباہی روکنے کے لیے فوری مداخلت نہیں کرتے یہ بین الاقوامی برادری کے ضمیر پر ہمیشہ ایک داغ رہے گا۔
ادھر خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے کہا ہے کہ غزہ میں بڑھتی ہوئی بھوک اور قحط کی کیفیت قابض اسرائیل کی غیر انسانی روش کا واضح ثبوت ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ فوری طور پر اسرائیلی افواج پر دباؤ ڈالے تاکہ غزہ کی پٹی میں تمام سرحدی گزرگاہیں کھولی جائیں اور انسانی و امدادی سامان بنا کسی شرط کے وہاں پہنچ سکے۔


































