
واشنگٹن : امریکی ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق ایران اور امریکا کے مجوزہ معاہدے کے تحت ساٹھ روزہ جنگ بندی میں توسیع۔ آبنائے ہرمز بحال اور ایران پر بعض پابندیوں میں نرمی کردی جائے گی۔ ایگزیوس کی رپورٹ میں ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مجوزہ مفاہمتی یادداشت کے تحت ساٹھ روز تک آبنائے ہرمز بغیر کسی ٹول کے کھلی رہے گی جبکہ ایران وہاں بچھائی گئی بارودی سرنگیں ہٹانے پر آمادہ ہوگا تاکہ جہازوں کی آزادانہ آمدورفت ممکن بنائی جا سکے۔ رپورٹ کے مطابق اس کے بدلے امریکا ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کرے گا اور بعض پابندیوں میں نرمی دے گا تاکہ تہران آزادانہ طور پر تیل فروخت کر سکے۔ مجوزہ معاہدے میں ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے کے عزم اور یورینیم افزودگی پروگرام کی معطلی پر مذاکرات بھی شامل ہیں۔


































