
بیروت : حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ مقاومت اپنے اہداف کے حصول تک اپنی کاروائیاں جاری رکھے گی۔ بیروت کے علاقے ضاحیہ میں مجلس عزا سے خطاب میں سید حسن نصراللہ نے کہا کہ غزہ کے حوالے سے مغربی ممالک کے رویے کے مقابلے میں ایران اور شام کی سیاسی حمایت اور مقاومتی تنظیموں کا موقف خوشی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں کئی ہفتوں سے کوئی امداد کا کام نہیں ہوا ہے جس سے وباء پھیلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ حزب اللہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہر مسلمان عاقل سے غزہ کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔ کیا عالم اسلام غزہ کی حمایت میں کوئی کام انجام دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وظیفے پر عمل کررہے ہیں۔ ہر روز ہمارے جوان شہید ہورہے ہیں جس پر ہمیں فخر ہے۔ ہم شہادت اور دھمکیوں سے نہیں ڈرتے ہیں۔ اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی نہیں کریں گے۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ لبنانی مقاومت طوفان الاقصی کے اہداف حاصل ہونے تک اپنا راستہ جاری رکھے گی اور اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی سیرت سے یہی درس ملتا ہے کہ ذلت قبول نہیں کرنا چاہئے۔


































