
قبرص : یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نےکہاہےکہ یورپی یونین کی تمام ریاستیں عالمی فوجداری عدالت کے وارنٹس پر عملدرآمد کی پابند ہیں۔ جوزف بوریل نےکہا ہے کہ یونین کے رکن ممالک عالمی عدالت کی جانب سے اسرائیل کے دو اعلیٰ عہدیداروں اور حماس کے کمانڈر کے خلاف جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری پر اپنی مرضی کا فیصلہ نہیں کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی تمام ریاستیں روم اسٹیٹیوٹ کہلائے جانے والے عالمی فوجداری عدالت کے کنونشن میں دستخط کر چکی ہیں اور متعدد رکن ریاستیں کہہ چکی ہیں ضرورت پڑنے پر وہ عمل درآمد کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پابندی پر عمل درآمد ان ممالک کے لیے بھی ضروری ہے جو یورپی یونین میں شامل ہونا چاہتے ہیں اور اگر نئے شامل ہونے والے رکن ممالک ان کنونشنز پر عمل درآمد نہیں کریں گے جو موجودہ ارکان کر رہے ہیں تویہ بڑا مذاق ہوگا۔


































