
اسلام آباد: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رفح کے پناہ گزین کیمپ پر غاصب اسرائیلی فوج کا وحشیانہ حملہ عالمی جنگی قوانین اور انسانیت کی بدترین تذلیل ہے۔ انہوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیل کے مذموم جنگی عزائم عالمی امن اور فلسطینی عوام کے لیے شدید خطرہ بن چکے ہیں۔ اسرائیلی غاصب فوج نے پناہ گزین کیمپوں، ہسپتالوں اور محفوظ پناہ گاہوں پر حملے کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ اسے عالمی قوانین کی ذرہ برابر بھی پروا نہیں، اب تک عالمی عدالت انصاف کے تین فیصلوں کو اسرائیلی روند چکا ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور حکمرانوں پر یہ زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مظلومین فلسطین پر آگ و بارود کی بارش برسانے والے بے لگام اور غاصب اسرائیل کو لگام دیں۔ فلسطین کے عوام کی حمایت اور اسرائیل کی مخالفت پر عالم اسلام کو اپنی حیثیت کھل کر واضح کرنا ہوگی۔ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ان شاءاللہ مظلومین فلسطین کی فتح یقینی ہے اور غاصب صیہونی ریاست کا دنیا کے نقشے سے مٹ جانا نوشتہ دیوار ہے۔


































