
بیروت : ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہاہے کہ ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے پرعزم ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ ریاض ابھی تیار نہیں ہے۔ بیروت میں لبنانی میڈیا سے گفتگو میں ایرانی وزیرخارجہ نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان عراق میں اہم اور مثبت مذاکرات کے پانچ دور ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کا خیال ہے کہ مذاکرات کو جاری رہنا چاہیے۔ امید ہے کہ تہران اور ریاض میں سفارتی مشن یا سفارت خانے مذاکرات کے فریم ورک کے اندر دوبارہ کھلیں گے۔ ہم سعودی عرب کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کا عزم رکھتے ہیں۔ اگر ایسا ہی عزم سعودی عرب کی جانب بھی نظر آئے تو تعلقات کو جلد معمول لایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے قدم کے طور پر ایرانی شہر مشہد اور سعودی شہر جدہ میں دونوں اطراف کے قونصل جنرلز کو دوبارہ کھول دیا جانا چاہیے۔


































