
غزہ : غزہ کے علاقے خان یونس پر اسرائیلی کنٹرول کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے خان یونس میں شکست تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے اور شہر کے زیادہ تر علاقوں پر مسلسل بمباری کررہی ہے۔ عالمی اداروں نے بمباری کو قتل عام قرار دیا ہے۔ خان یونس سمیت شمالی غزہ میں حماس نے اسرائیلی فوج کی مشکلات بڑھا دیں ہیں۔ مزید تین اسرائیلی فوجی مارے جانے کا اسرائیلی فوج نے اعتراف کرلیا ہے۔حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی چھاپہ مار کارروائیوں میں اسرائیلی فوج کو کہیں زیادہ جانی نقصان پہنچا ہے۔ مسلسل شکستوں سے پریشان اسرائیلی فوج اپنا غصہ نہتے فلسطینیوں پر نکال رہی ہے۔ خان یونس میں اسرائیلی فوج قتل عام میں مصروف ہے ۔وزارت صحت کے مطابق صرف چار دنوں میں ایک ہزار سے زائد فلسطینیوں کو خان یونس میں شہیدکردیا گیا ہے۔ غزہ میں سات اکتوبر سے جاری جنگ میں اب تک ستائیس ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ستر ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔


































