
دوحہ : حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ قتل عام کے باوجود مزاحمت کار ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور مجرمانہ دشمن کے سامنے حقوق کا دفاع کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دشمن یہ سمجھتا ہے کہ وہ زبردستی اپنی مرضی ہم پر مسلط کر سکتا ہے تو یہ خام خیالی ہے۔ حماس کوئی ایسا معاہدہ قبول نہیں کرے گی جس سے فلسطینیوں کو تحفظ حاصل نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ تل ابیب کو بچوں کا قاتل قرار دینے کے باوجود اسرائیل نے فلسطینی عوام کے خلاف اپنی فنا کی جنگ کو روکنے سے انکار کر دیا ہے۔ اگر اسرائیل کو یقین ہے کہ وہ فلسطینیوں پر اپنے انتخاب مسلط کر سکتا ہے تو اسے سمجھنا چاہیے کہ یہ فریب ہے۔ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ میں فوجی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اب وہ سیاسی اور اخلاقی طور پر اپنی پست ترین سطح پر ہے۔ اسماعیل ہنیہ نے بین الاقوامی برادری سے فوری کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔


































