
انقرہ : ترکیہ اور پاکستان نے مسجد اقصیٰ پر صیہونی آبادکاروں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر حملہ قرار دیا ہے۔ ترکیہ کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہاہےکہ ہم اسرائیلی وزراء کے مسجدِ اقصیٰ پر چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہیں جو اسرائیلی پولیس کی حفاظت میں اور اسرائیلی آباد کاروں کے گروپوں کے ساتھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کی حفاظت اور یروشلم کے مقدس تشخص کا تحفظ نہ صرف علاقائی ترجیحات ہیں بلکہ انسانیت کے اجتماعی ضمیر کی جانب سے ایک بنیادی ذمہ داری بھی ہے۔
ادھر پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کہا کہ اسلام کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک کی یہ بےحرمتی نہ صرف ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے عقیدے کی توہین ہے بلکہ بین الاقوامی قانون اور انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر بھی براہ راست حملہ ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ قابض طاقت کی طرف سے اس طرح کی منظم اشتعال انگیزیاں امن کے امکانات کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ اسرائیل کے بےشرمانہ اقدامات جان بوجھ کر فلسطین اور وسیع خطے میں تناؤ کو ہوا دے رہے ہیں اور مشرق وسطیٰ کو مزید عدم استحکام اور تنازعات کے قریب دھکیل رہے ہیں۔


































