
نئی دہلی: غزہ میں اسرائیلی درندگی کے باوجود ہندوستان نے دفاع اور ریسرچ کے میدان میں اسرائیلی یونیورسٹیوں، کالجوں اور ہتھیار بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ روابط اور تعاون مزید گہرے اور وسیع کئے ہیں۔ نیوز ویب سائٹ مڈل ایسٹ آئی نے انکشاف کیا ہے کہ دفاع، روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں ہندوستانی اور اسرائلی یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون میں تیزی آئی ہے۔ ان اداروں میں سے بہت سے براہ راست ہتھیار بنانے والی اسرائیلی کمپنیوں کے ساتھ کام کررہے ہیں اور ہندوستانی کمپنیاں اسرائیل کو ہتھیار بھی فراہم کر رہی ہیں۔ مڈل ایسٹ آئی کے مطابق صیہونی حکومت اور ہندوستان کے درمیان محض تعاون کا معاملہ ہی نہیں بلکہ ہندوستان کے تعلیمی اداروں میں صیہونی اثراندازی ایک تشویشناک بات ہے۔ دنیا بھر میں اسرائیلی اداروں کے ساتھ تعاون کے خلاف تحریک سے پریشان صیہونی ریاست اب ہندوستانی یونیورسٹیوں میں گھسنے کے لئے بے چین ہیں جس کے لئے دونوں ممالک کے ماہرین کے درمیان متعدد ملاقاتیں ہوچکی ہیں.


































