
واشنگٹن : امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف محاذ آرائی کے آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔ ایران کی معاشی زندگی کی ڈور کاٹنے کیلئے فیصلہ کن کارروائی شروع کردی۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے فنانشل ٹائمز میں شائع مضمون میں ایران کے خلاف کارروائی کو اقتصادی ڈی ڈے قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی حریف کے خلاف امریکا کی سب سے بڑی مالی کارروائی ہوگی۔ بیسنٹ کے مطابق ایران کا تیل خریدنے یا اس کی ترسیل میں مدد دینے والے ممالک اور اداروں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مالی لین دین، ایرانی پروازوں کی میزبانی، بحری جہازوں کی رجسٹری اور سمندری ایندھن کی منتقلی میں سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ امریکی وزیر خزانہ نے خبردار کیا کہ ایران سے معاشی روابط برقرار رکھنے والے ممالک بھی معاشی تنہائی کا شکار ہوسکتے ہیں۔ ان کے مطابق ایران کو مکمل مالی تنہائی کا شکار کرنے سے امریکا کو مزید فوجی کارروائی کی ضرورت پیش نہ آنے کا امکان ہے۔ بیسنٹ نے کہا کہ مقصد اسلامی جمہوریہ ایران کو سہارا دینے والی ہر معاشی زندگی کی ڈور کاٹ کر تہران کو مکمل طور پر تنہا کرنا ہے۔


































