
واشنگٹن: فضائی کمپنیوں کے خدشات پر امریکی ائیرپورٹس پر5 جی سروس کی فراہمی ملتوی کردی گئی۔دو امریکی موبائل نیٹ ورکس نے کچھ ائیرپورٹس پر 5 جی سروس کی فراہمی ملتوی کرنے پراتفاق کیا ہے۔وسیع کوریج اور تیزرفتار انٹرنیٹ فراہم کرنے والی سروس کا آغاز ایک دن بعد ہونا تھا۔ جدید 5 جی سروس ملتوی کرنے کا مطالبہ امریکی ائیرلائنز نے کیا تھا۔ فضائی کمپنیوں کا موقف ہے کہ 5 جی سروسز ہوابازی میں شدید مداخلت کرسکتی ہیں۔ کچھ ائیرلائنز کواپنے طیارے گراؤنڈ اور پروازیں منسوخ کرنا پڑسکتی ہیں۔ فائیو جی ٹیکنالوجی کے تباہ کن اور خطرناک اثرات کے خدشات پر امارات اور جاپان سمیت مختلف فضائی کمپنیوں نے امریکا کے لیے پروازیں منسوخ کر دیں۔ ان ایئر لائنز میں ایئر انڈیا، اے این اے، جاپان ایئر لائنز اور ایمریٹس شامل ہیں جن کی انتظامیہ نے امریکا کے سفر کے لیے شدید خدشات کے پیشِ نظر پروازیں منسوخ کی ہیں۔ امریکا میں جیٹ بلیو، امریکن ایئر لائنز، ساؤتھ ویسٹ، یونائیٹڈ ڈیلٹا، یو پی ایس اور فیڈ ایکس اُن کمپنیوں میں شامل ہیں جنہوں نے خط لکھ کر خبردار کیا ہے کہ فائیو جی سی بینڈ ٹیکنالوجی کے ایئر لائنز کے آپریشنز پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور زبردست معاشی بحران پیدا ہو سکتا ہے۔


































