
تہران: چین نے دنیا کی پانچ اہم ابھرتی ہوئی معیشتوں کے بلاک برکس کی رکنیت کیلئے ایران کی حمایت کردی۔ چین کے دورے سے واپسی پر تہران میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ برکس میں تہران کی رکنیت نتیجہ خیز ہوگی۔ ایران کی رکنیت کے بارے میں چین سے بات چیت ہوئی ہے اور ہم نے اس رکنیت کے لیے چین کی خواہش کو دیکھا۔ ایرانی صدر نے کہا کہ خطے اور پوری دنیا میں سیکیورٹی کے شعبے میں ہمارا موثر کردار ہے اور ہمیں معیشت اور تجارت میں بھی موثرکردار ادا کرنا چاہیے۔ آیت اللہ ابراہیم رئیسی نےمزید کہا کہ چین کے ساتھ ایران کے اچھے تعلقات دنیا میں ایک ابھرتی ہوئی معیشت کےطور پر جو ایشیا میں اہم کردار ادا کرتے ہیں علاقائی اور عالمی سطح پر تہران کے لیے بہت موثر ثابت ہو سکتے ہیں۔ برکس گروپ میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔


































