
لاہور (نیٹ نیوز) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے لاہور کے 3 کورونا اسپتالوں کا دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ایکسپو کورونا سینٹر میں 200 کم پریشر والے آکسیجن بیڈز مہیا کیےجائیں گے۔ اس کے علاوہ 20 ہائی پریشر بائی پیپ بیڈز اور 20 آئی سی یو ونٹی لیٹرز بھی مہیا کیےجائیں گے جبکہ ریسکیو 1122 کو 15 مزید پورٹیبل وینٹی لیٹرز بھی فراہم کیےجائیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ 25 پورٹیبل ونٹی لیٹرز پہلے ہی بھجوائے جا چکے ہیں، پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کو 30 کم پریشر آکسیجن بیڈز مہیا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے اسی سلسلے میں آئندہ منگل کو کراچی کا بھی دورہ کریں گے اور وہاں کے اسپتالوں میں کورونا مریضوں کےلیے درکار ضروریات کا جائزہ لیں گے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں کورونا سے متعلق اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کورونا تیزی سے پھیلنے کے باوجود ملک مکمل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے پنجاب میں سلیکٹد لاک ڈاؤن کریں گے اور ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرائیں گے۔


































