
غزہ: غزہ اور جنوبی لبنان میں شہری آبادیوں پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے رات بھر جاری رہے۔ بمباری اور میزائل حملوں میں چھبیس افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے خان یونس میں تین گھروں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا جس سے تینوں مکانات تباہ ہوگئے۔ حملے میں نو فلسطینی شہید اور سات زخمی ہوگئے۔ غزہ شہر کے زیتون محلے میں بھی رہائشی مقام پر میزائل داغا گیا اس حملے میں سات فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
ادھر لبنان میں صیہونی جنگی طیاروں نے طبی مراکز پر بم برسادئے۔ بعلبک میں حملے کے نتیجے میں طبی عملے کے چھ ارکان شہید ہوگئے۔ وسطیٰ بیروت میں عمارت پر بمباری سے چار شہری جان سے گئے۔
حزب اللہ نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں اسرائیل پر راکٹوں کی بارش کردی۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ لبنان سے 80 سے زائد راکٹ داغے گئے جس میں سے بیشتر کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا۔


































