
تہران : ایران اور چین کے درمیان 25 سالہ معاہدے پر عملدرآمد شروع ہوگیا ۔اس بات کا اعلان ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللھیان نے بیجنگ کے دورے سے واپسی پر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ صدر جمہوریہ ایران کا مکتوب پیغام چینی صدر کے لئے لے کر گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ چین کے دورے میں پابندیوں کے خاتمے سے متعلق ویانا مذاکرات کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین اور روس کی طرح مغربی فریق بھی حقیقت پسندانہ اور ایک اچھے معاہدے کے حصول کے نکتہ نگاہ کے ساتھ ، ویانا مذکرات میں مطلوبہ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ایران چین معاہدے پر مارچ 2021 میں دستخط کیے گئے تھے جب سابق صدر حسن روحانی کے عہدے پر تھے۔ اسٹریٹجک معاہدے میں اقتصادی، فوجی اور سیکیورٹی تعاون شامل ہے۔


































