
ڈھاکا: بنگلہ دیش میں صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی۔ مظاہرین کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دے دیا گیا۔ بنگلہ دیش میں ایک ہفتے سے جاری پرتشدد احتجاج کرفیو کے باجود تھم نہ سکا۔ کئی مقامات پر طلبا کرفیو توڑتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ پولیس نے مظاہرین پر فائرنگ کردی۔ جس سے مزید ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ایک ہفتے سے جاری پرتشدد احتجاج میں مرنیوالوں کی تعداد ایک سو تینتیس ہوگئی ہے۔ بنگلہ دیش میں حکام نے کرفیو مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے اور دارالحکومت ڈھاکا اور دیگر شہروں میں فوج سڑکوں پر گشت کررہی ہے۔ حکام نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ مظاہرین کو دیکھتے ہی گولی مار دی جائے۔ حکمران عوامی لیگ پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور رکن پارلیمنٹ عبیدالقادر نے کہا کہ سیکیورٹی افسران کو انتہائی صورت حال میں ہجوم پر گولی چلانے کی اجازت ہوگی۔


































