
بیروت :صیہونی فوج کی لبنان میں درندگی سے میئر سمیت مزید 20 شہری شہید اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے۔صیہونی فوج نے جنوبی لبنان کے علاقے نباطیہ میں بلدیہ کی عمارت کو میزائل سے نشانہ بنادیا۔ حملے میں پانچ افراد شہید اور بارہ زخمی ہوئے۔ شہدا میں شہر کے میئر احمد کاہل بھی شامل ہیں۔ اس سے پہلے شہر طائر کے مضافاتی علاقے قانا پر بم برسادئے۔ حملے میں گھروں اور صحت کی دیکھ بھال کے مرکز کو نشانہ بنایا۔ بمباری سے دس افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ ریاق پر بمباری سے پانچ شہری جان سے گئے۔ صیہونی فوج نے بیروت،جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں شدید بمباری کی۔ صیہونی فوج نے بیروت کے علاقے ضاحیہ سے شہریوں کو انخلاء کا نیا حکم جاری کردیا ہے۔ اقوام متحدہ کمیشن برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ پچیس فیصد سے زائد لبنانی علاقے صیہونی فوج کے انخلاء کے حکم کی زد میں ہے۔


































