
اسلام آباد: پاکستان نے خیبر پختونخوا کی بنوں چھاؤنی پر دہشتگرد حملوں پر افغانستان سے سخت احتجاج کیا ہے۔ پاکستان نے بنوں کنٹونمنٹ حملے پر افغانستان کو احتجاجی مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملہ افغانستان میں مقیم حافظ گل بہادر گروپ نے کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو وزارت خارجہ طلب کرلیا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بنوں حملے پر افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو احتجاجی مراسلہ دیا، مراسلے میں بنوں میں 15 جولائی کے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا کہ دہشت گرد حملے میں 8 سیکیورٹی اہلکار شہید اور کئی زخمی ہوئے۔ دہشت گرد حملہ افغانستان میں مقیم حافظ گل بہادر گروپ نے کیا۔مراسلہ میں بھی کہا گیا کہ حافظ گل بہادر گروپ، ٹی ٹی پی سے مل کر پاکستان میں متعدد دہشتگرد حملوں کا ذمہ دار ہے، حملوں میں سینکڑوں شہری اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار شہید ہوئے۔


































