
تہران: ایران کے نومنتخب صدر مسعود پزشکیان نے کہاہے کہ عرب ممالک غزہ میں مستقل جنگ بندی کے حصول کے لیے تمام سیاسی اور سفارتی ذرائع استعمال کریں۔ ایرانی روزنامے تہران ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں ایرانی صدر نے لکھا کہ ہمیں اسرائیل کے طویل قبضے کو ختم کرنے کے لیے پوری تندہی سے کام کرنا چاہیے جس نے فلسطینیوں کی چار نسلوں کی زندگیوں کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے مغربی ممالک کے نوجوانوں کی تعریف کی جنہوں نے اسرائیلی حکومت کے بارے میں ہمارے دہائیوں سے جاری موقف کو تسلیم کیا ہے۔ ایرانی صدر نے لکھا کہ امریکا کو یہ حقیقت سمجھ لینی چاہیے کہ ایران دباؤ میں ہرگز نہیں آئے گا۔ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کر رہا ہے اور نہ ہی ایران کے دفاعی نظریے میں جوہری ہتھیار شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے جان بوجھ کر ایران کے خلاف نہ صرف اقتصادی جنگ چھیڑ کر دشمنی کو بڑھانے کا انتخاب کیا بلکہ جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کرکے ریاستی دہشت گردی میں بھی ملوث ہے۔


































