
غزہ : صیہونی فوج نے درندگی کی انتہا کردی۔ وسطیٰ غزہ میں زمین۔ فضا اور سمندر سے کئے گئے وحشیانہ حملوں میں 200 سو سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔ صیہونی فوج نے دیر البلاح، غزہ سٹی اور رفح کے جنوبی علاقوں میں مکانات اور کیمپوں پر اندھا دھند میزائل اور بم برسائے۔ خوفناک حملوں سے عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں اور جگہ جگہ لاشیں بکھر گئیں۔ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دینے کیلئے اسپتالوں میں جگہ ہے اور نہ ہی ادویات اور دیگر سامان موجود ہے۔ اسرائیلی فوج کی دیرالبلاح کے اسپتال الاقصیٰ کے اطراف پناہ گزین بے گھروں پر شدید گولہ باری کی۔ نصیرات، المغازی اور البریج کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا۔ غزہ میں وزارت صحت نے کہاہے کہ پہلے حملے کے بعد 55 لاشیں الاقصیٰ اسپتال لائی گئیں۔ بہت ساری لاشیں اور زخمی سڑکوں پر پڑے ہوئے ہیں۔ جبکہ بے گھر ہونے والی آبادی میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے۔
الجزیرہ نے بتایا ہے کہ شہدا کی تعداد 210 سے زائد ہے۔ اس سے پہلے اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے غزہ اور رفح میں حماس کے ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا ہے۔ جس میں کئی کارکن ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔


































