
بغداد: عراقی وزارتِ خارجہ کے مطابق امریکا نے نوری المالکی کی نامزدگی پر ممکنہ پابندیوں کا عندیہ دیا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ واشنگٹن میں انہیں زبانی پیغام موصول ہوا جس میں خبردار کیا گیا کہ اگر نوری المالکی کو وزیرِ اعظم نامزد کیا گیا تو بعض افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ عراقی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیغام میں دو نکات شامل تھے، جن میں ممکنہ پابندیوں کا واضح اشارہ اور نئی حکومت کی تشکیل سے متعلق واشنگٹن کے ساتھ قریبی تعاون کی شرائط بیان کی گئیں۔ وزارت کا کہنا تھا کہ اگر سب سے بڑا پارلیمانی بلاک اپنے موجودہ امیدوار پر اصرار کرتا ہے تو پابندیاں نافذ ہو سکتی ہیں۔ دوسری جانب اسٹیٹ آف لا کولیشن کے سربراہ نوری المالکی کے میڈیا آفس نے ان دعوؤں کی مکمل تردید کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ان خبروں کی کوئی بنیاد نہیں اور کوآرڈینیشن فریم ورک اپنے سیاسی مؤقف پر قائم ہے۔


































