
تہران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ بہت سی رپورٹوں میں یہ بتایا گیا ہے کہ نصیرات کیمپ کے قتل عام اور وحشیانہ جرائم میں امریکی اور برطانوی فوج کے علاوہ انٹیلی جنس فورسز بھی ملوث تھیں۔ ہم اس کیمپ میں صیہونی رجیم کی طرف سے کئے گئے وحشیانہ جرائم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ کئی رپورٹس میں یہ بات سامنے آگئی ہے کہ اس آپریشن میں امریکی اور برطانوی فوج کے علاوہ انٹیلی جنس فورسز نے بھی کردار ادا کیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ 700 سے زائد فلسطینی شہریوں کو ایک تہرے آپریشن میں شہید و زخمی کیا گیا جو کہ صیہونی رجیم کے لیے بہت بڑی ذلت ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جنگ بندی کے معاملے میں جو بات یقینی ہے وہ یہ ہے کہ فلسطینی شہریوں کے خلاف صیہونیوں کے جنگی جرائم کا ارتکاب امریکی حکومت کی مکمل حمایت سے پچھلے 8 ماہ سے جاری ہے۔ اس بار امریکہ اس رجیم کی فوجی اور سیاسی حمایت کے علاوہ میڈیا وار میں بھی دفاع کرتا رہا ہے۔


































