عزاداروں کیخلاف سندھ اور پنجاب میں باقاعدہ پولیس گردی کی گئی
لاہور (نیوز ڈیسک) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مطالبہ کیا ہے کہ مختلف شہروں سے گرفتار تمام اسیران عزا کو فوری رہا کیا جائے اور تمام مقدمات کوفوری ختم کیئے جائیں، مرکزی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ عزاداروں کیخلاف سندھ اور پنجاب میں باقاعدہ پولیس گردی کی گئی ہے ، ایسا لگ رہا تھا جیسے ملک بھر میں ایف آئی آرکاٹنے کا مقابلہ چل رہا ہو، حوالات میں پولیس نے عزاداروں پر مظالم کئے ، خود ہی سماجی فاصلوں کی پامالی کی گئی۔ شکارپور میں بھی عزاخانوں کا تقدس پامال کیا گیا،علامہ راجہ ناصرعباس نے کہا کہ پہلے حکومت نے خود ایس اوپی کے تحت چاردیواری کے اندر مجالس کے انعقاد کی اجازت دی اور پھر خود ہی ان مجالس کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔


































