
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے صیہونی دہشت گرد نیٹ ورک کے تمام سرغنوں کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کردیا۔ ولی امر مسلمین نے عبرانی زبان میں سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ ملزمان نے غزہ میں شہریوں کے خلاف جنگی جرائم کا ارتکاب اور بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے۔ اسرائیل کے صرف لیڈروں کو نہیں پوری سیاسی و فوجی قیادت کو انصاف کے کٹہرے میں لیا جائے۔
ادھر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکہ اور یورپ انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار بنتے ہیں۔ لیکن غزہ اور لبنان میں جاری جرائم پر خاموش ہیں۔ ایرانی صدر نے کہا کہ وہ نہیں مانتے کہ وہ انسانی حقوق کا دفاع کرتے ہیں، انہیں انسانی حقوق پر شرم آتی ہے جن کا وہ دفاع کرتے ہیں۔ ایرانی صدر نے عوام کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم متحد اور ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہوں تو کوئی طاقت ہمارے عوام اور ملک کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی جرآت نہیں کرے گی۔


































