
جدہ: سعودی عرب نے تین سال بعد عازمین حج کیلئے تمام پابندیاں ختم کردیں۔ سعودی وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے بتایاکہ رواں سال حج کے لیے عازمین کی تعداد پر پابندی نہیں ہوگی ۔ جبکہ زیادہ سے زیادہ یا کم سے کم عمر کی حد بھی ختم کردی گئی ہے۔ اس سال حج سیزن میں کورونا کی وبا سے پہلے کا حج کوٹہ نافذ کیا جائے گا۔ یہ پابندیاں کورونا وائرس کی وجہ سے لگائی گئی تھیں۔ سال 2019 میں آخری بار 25 لاکھ افراد نے حج کی سعادت حاصل کی تھی۔ رواں سال حج 26 جون سے یکم جولائی کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔ سعودی وزیر نے بتایا کہ عمرہ ویزے کی میعاد 30 دن سے بڑھا کر 90 دن کردی گئی ہے۔ عمرہ زائرین کو سعودی عرب کے کسی بھی شہر کے سفر کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔


































