لاہور: سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد احتجاج کا سلسلہ جاری۔ مظاہرین کراچی۔ لاہور۔ اسلام آباد۔ پشاور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے اور بھرپور احتجاج کیا۔ پولیس نے کئی شہروں میں مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ اور فائرنگ کی جس سے مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے دو کارکن ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ مشتعل افراد نے مختلف شہروں میں فوجی مقامات کو بھی نشانہ بنایا۔
بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں صورتحال کنٹرول میں ہے تاہم کوئٹہ شہرمیں تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجاج کے دوران ایک شخص ہلاک اور چھ پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کراچی میں شارع فیصل پر عوام نے احتجاج کیا، پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں سمیت درجنوں کارکنوں اور مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے۔ وزارت داخلہ کے حکم پر ملک بھر میں یوٹیوب، فیس بک اور ٹوئٹر سروسز بند کردی گئیں۔ دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں انٹرنیٹ سروسز بھی معطل ہیں۔ کینیڈا،امریکا،برطانیہ اور یورپی یونین نے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنماؤں و کارکنان کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
































