
مونروویا : افریقی ملک لائبیریا کے چرچ میں بھگدڑ سے 29 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ ہلاک افراد میں 11 بچے اور6خواتین بھی شامل ہیں۔ واقعہ لائبیریا کے دارالحکومت مونروویا کے مضافاتی علاقے نیو کرو ٹاؤن میں اس وقت پیش آیا جب چرچ میں مذہبی رسومات جاری تھیں۔ زخمیوں میں اکثر کی حالت نازک ہے۔ سالانہ دعائیہ تقریب کروسیڈ(صلیبی جنگ) ایک فٹبال کے میدان میں منعقد ہوتی ہے۔ جس میں ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں جہاں ملک کی 50لاکھ سے زائد آبادی عیسائی ہے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھگدڑ اس وقت مچی جب ٹھگوں کے گروہ نے عبادت کرنے والوں پر چھروں اور تیز دھار آلوں سے حملہ کردیا۔ عینی شاہد نے بتایا کہ تقریب کے اختتام پر انہیں زوردار آوازیں سنائی دیں جس کے بعد انہوں نے کئی لوگوں کی لاشیں پڑی ہوئی دیکھیں۔


































