
نیویارک: امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکام نے حماس اور اسرائیل کے درمیان ممکنہ معاہدے کا مسودہ تیار کرلیا۔ اخبار کے مطابق امریکی مذاکرات کاروں نے ممکنہ معاہدے میں اسرائیل اور حماس کی گذشتہ چند دنوں کے دوران قیدیوں کی رہائی کے معاہدے سے متعلق تجاویز کو یکجا کیا ہے۔ یہ تحریری مسودہ پیرس میٹنگ میں بحث کے لیے ایک فریم ورک تشکیل دے گا جو اگلے دو ہفتوں کے اندر ایک حقیقی معاہدے پر منتج ہوسکتا ہے۔ یہ مسودہ جنگ کو عارضی امن میں تبدیل کر سکتا ہے۔ اخبار کے مطابق مذاکرات کاروں نے حتمی معاہدے تک پہنچنے کے قریب ہونے سے متعلق محتاط امید کا اظہار کیا ہے کیونکہ "اہم” نوعیت کے امور ابھی تک حل طلب ہیں۔
ادھر مصری حکام نے اطلاع دی ہے کہ تمام اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں چار ماہ کی جنگ بندی کے لیے ایک منصوبہ یا تجویز پیش کی گئی ہے۔


































