
اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے سمندرپار پاکستانی ساجد حسین طوری نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے عراق اور ایران جانے والے زائرین کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے جامع پالیسی مرتب کرنے کا مطالبہ کردیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اربعین کے موقع پر ہر سال لاکھوں زائرین امام حسین علیہ السلام زیارت کے لئے عراق جاتے ہیں۔ساجد حسین طوری نے کہاکہ ایران اور عراق کے ویزوں کے حصول میں زائرین کو کافی مشکلات کا سامنا ہے، بعض لوگ زیارت کے بہانے عراق اور ایران جاتے ہیں اور وطن واپس نہیں آتے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ایسے مٹھی بھر لوگوں کی وجہ سے حقیقی عازمین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ عراق اور سفارتخانوں کیلئے ایسے لوگوں کی اسکروٹنی مشکل ہے۔ ساجد حسین طوری نے کہاکہ پالیسی کے تحت سالار کو تمام زائرین کو وطن واپس لانے کا پابند کیا جائے۔ زائرین کو واپس نہ لانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔عراقی حکومت سے چالیس سال سے کم عمر کے زائرین کے ویزوں پر عائد پابندی ختم کروائی جائے۔ پاکستانی زائرین کو ایران میں ملٹی انٹری ویزا دینے پر بات چیت کی جائے۔ پاکستانی زائرین کے لیے مہران یا چیلمچی بارڈر کے ذریعے عراق جانے والے زمینی روٹ بحالی کئے جائیں۔ساجد حسین طوری کو وزارت خارجہ نے بتایا کہ ملٹی انٹری ویزہ کے متعلق ایرانی حکام سے بات چیت ہو چکی ہے، عنقریب پاکستانی زائرین کو ایران کے ڈبل انٹری ویزے کی اجازت دی جائیگی۔


































