
بیروت : حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے اسرائیل سے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی ہی مسئلہ کا حل ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے ویڈیو بیان میں کہا کہ صیہونی حکومت فلسطین سے آگے اپنے کنٹرول کو بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسرائیل کا مقصد عرب اور مسلم ریاستوں کے علاقوں پر تسلط رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی ہی مسئلہ کا واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسرائیل نے لبنان اور غزہ میں جنگ جاری رکھی تو شمال میں 20 لاکھ سے زیادہ اسرائیلی مستقل خطرے میں رہیں گے اور خالی ہونیوالی صیہونی بستیوں میں اضافہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مزاحمت کو کبھی شکست نہیں دی جاسکتی کیونکہ وہی ہیں جو زمین کے مالک ہیں۔ وہ لڑیں گے اور عزت سے مریں گے۔ فتح صبر سے ہی آئے گی۔ حزب اللہ کے رہنما نے کہا کہ پچھتر سال سے فلسطینیوں کی سرزمین پر قبضہ ہے انہیں قتل کیا جارہاہے۔ فلسطینیوں کو حق ہے کہ وہ ایسا کریں جس سے صیہونی قابضین ہل کر رہ جائیں، یہ پوچھنے کے بجائے کہ الاقصیٰ طوفان کیوں آیا۔ یہ پوچھنا چاہیے کہ فلسطینی سرزمین پر آج بھی قبضہ کیوں ہے؟


































