
بیروت : جنوبی لبنان میں زمینی جنگ صیہونی فوج کو بھاری پڑنے لگی۔ ایک ہی دن میں 9 فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ حزب اللہ نے دراندازی کی کوشش کرنے والے ایک فوجی اجتماع پر حملہ کیا جس میں چار اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔ ایک اور حملے میں ایک فوجی ہلاک اور 37 زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئےکہا ہےکہ زخمیوں میں سے بارہ کی حالت تشویشناک ہے۔ جنوبی لبنان میں ایک اور محاذ پر بھی حزب اللہ نے صیہونی فوج کے ہوش اڑادئے۔ حملوں میں پانچ فوجی مارے گئے جبکہ پچیس زخمی ہوئے۔حزب اللہ نےحیفہ، تل ابیب اور گولان کے علاقوں پر ایک سو پچاس سے زائد راکٹ بھی فائر کیے ہیں۔ خیبر آپریشنز کے تحت حزب اللہ نے لبیک یا نصر اللہ کے نعرے کے ساتھ حیفہ کے جنوب میں راکٹوں سے کرمیل فوجی اڈے کو نشانہ بنایا۔ البغدادی کے فوجی مقام پر ڈرونز داغے گئے۔ حزب اللہ نے منارہ، مالکیہ اور حبوشیت کے فوجی مقامات پر بھی اسرائیلی قابض فوجیوں پر راکٹوں سے بمباری کی۔ لڑائی میں متعدد مرکاوا ٹینک بھی تباہ ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ہلاک و زخمی فوجیوں کے نام و رینک کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
اس سے پہلے اسرائیلی درندگی کے تازہ واقعے میں بیروت، حسیبہ میں بمباری سے تین صحافیوں سمیت بائیس لبنانی شہری شہید اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔ شہدا میں تین صحافی بھی شامل ہیں۔


































