
صہیونی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ شدید جھڑپوں کے دوران کم از کم پانچ اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی ذرائع نے بتایا کہ جنوبی لبنان میں ہونے والی شدید لڑائیوں کے دوران اسرائیلی فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اسی تناظر میں حیفا کی بلدیہ نے بھی اعلان کیا کہ نوعا حبشوش نامی ایک اسرائیلی فوجی جنوبی لبنان میں جاری لڑائی کے دوران مارا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق گزشتہ شب اسرائیلی فوج کی 401 ویں بکتر بند بریگیڈ کی 52 ویں بٹالین جنوبی لبنان میں گائیڈڈ میزائلوں کے ایک گھات لگا کر کیے گئے حملے کا نشانہ بنی، جس کے نتیجے میں کم از کم چار فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ اس سے قبل صہیونی آبادکاروں سے وابستہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی گزشتہ رات کی جھڑپوں میں ایک بٹالین کمانڈر سمیت چار فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ بعد ازاں اسرائیلی فوج نے باضابطہ طور پر جنوبی لبنان میں اپنے چار فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی، جن میں ایک بٹالین کمانڈر بھی شامل تھا۔
میدانی ذرائع کے مطابق جمعہ کی صبح جنوبی لبنان میں کفرتبنیت اور علی الطاہر کے محور پر حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جن کے دوران دونوں جانب سے بڑے پیمانے پر فائرنگ، توپ خانے کے حملے اور راکٹ و میزائل داغے گئے۔ رپورٹس کے مطابق حزب اللہ کے جنگجوؤں نے تلّ علی الطاہر کے اطراف اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ براہِ راست لڑائی کی اور ساتھ ہی اسرائیلی فوج کے متعدد ٹھکانوں اور فوجی اجتماعات کو بھاری راکٹوں اور میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ اس کے جواب میں اسرائیلی فوج نے توپ خانے کی شدید گولہ باری اور فضائی حملوں کے ذریعے پورے علاقے کو اپنی زد میں لے لیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ مختلف محاذوں پر شدید لڑائی جاری ہے اور کئی اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں حزب اللہ نے دعویٰ کیا کہ اس نے کفرتبنیت کے اطراف ایک اسرائیلی فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ ادھر کفرجوز اور جبل الرفیع کے علاقوں پر بھی اسرائیلی توپ خانے نے گولہ باری کی، جبکہ حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی پوزیشنوں پر متعدد راکٹ حملے کیے۔


































