
نیویارک: اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ ایک جائزے میں کہا گیا ہے کہ تقریباً ساڑھے تین لاکھ غزہ کے باشندوں کو اس موسم سرما میں امداد کی ترسیل میں کمی کے بعد تباہ کن بھوک کا سامنا کرنا پڑے گا۔ رپورٹ میں پوری پٹی میں قحط کے خطرے کا انتباہ کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور غیر سرکاری تنظیموں کی طرف سے تیار کردہ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ یہ تعداد ان ایک لاکھ 33 ہزار لوگوں کے مقابلے میں ہے جو اس وقت بھی تباہ کن غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انٹیگریٹڈ پروویژنل کلاسیفیکیشن فار فوڈ سیکیورٹی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ موسم گرما کے دوران انسانی امداد میں اضافے سے غزہ کے لوگوں کی تکالیف میں کچھ کمی آئی لیکن ستمبر میں تجارتی اور انسانی امداد کی ایک چھوٹی مقدار غزہ میں داخل ہوئی۔ نومبر 2024 اور اپریل 2025 کے درمیان تباہ کن غذائی عدم تحفظ کا سامنے کرنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 45 ہزار افراد تک پہنچ جانے کا امکان ہے۔ یہ آبادی کا 16 فیصد حصہ ہوگا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ امداد کی ترسیل میں حالیہ بڑی کمی آنے والے مہینوں میں خاندانوں کی خود کو کھانا کھلانے اور بنیادی اشیا اور خدمات تک رسائی کی صلاحیت کو نمایاں طور پر محدود کر دے گی۔ یہ اس وقت تک رہے گا جب تک صورت حال میں تبدیلی نہ آجائے۔


































