
برسلز : یورپی پارلیمنٹ کے انتیس ارکان نے گلوبل صمود فلوٹیلا کے رضاکاروں کے ساتھ بدسلوکی پر اسرائیلی وزیر اتمار بن گویر سمیت دیگر افراد پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تحت پابندیاں لگانے کا مطالبہ کردیا۔ اطالوی رکن یورپی پارلیمنٹ ڈینیلو ڈیلا ویلے نے کہا ہے کہ انہوں نے 28 دیگر قانون سازوں کے ساتھ مل کر یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کوخط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فلوٹیلا کے رضاکاروں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات پر کارروائی ضروری ہے۔ خط کے مطابق رضاکاروں کو ہتھکڑیاں اور زنجیریں پہنا کر سرِعام تذلیل کا نشانہ بنایا گیا۔ وہ جسمانی و نفسیاتی تشدد اور انسانی وقار کو مجروح کرنے والی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار ہوئے۔ قانون سازوں کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے عالمی انسانی حقوق پابندیوں کے نظام کے تحت ایتمار بن گویر اوررضاکاروں پر تشدد کے ذمہ داروں پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے متوجہ کیا کہ یہ نظام اس سے قبل یہودی آباد کاروں کے خلاف استعمال کیا جا چکا ہے اور اب اس کا دائرہ کار وسیع کر کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذمہ دار دیگر افراد کو بھی اس میں شامل کیا جانا چاہیے۔


































