
ایران اور چین کے درمیان 25 سالہ تعاون کے معاہدے پر آج دستخط ہوں گے۔ یہ بات ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ایرانی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ہفتہ(آج) کو ایران اور چین کے مابین 25 سالہ تعاون کی دستاویز پر دستخط ہوں گے۔ ایرانی ترجمان نے چین کے وزیر خارجہ کے دورہ تہران کے بارے میں کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر ہے اور اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین 25 سالہ تعاون کے جامع دستاویز دستخط کیے جائیں گے۔
چینی وزیر خارجہ گزشتہ روز ایرانی وزیر خارجہ کی دعوت پر ایران کے دو روزہ دورے پر تہران پہنچے ہیں۔
چینی وزیر خارجہ اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے علاوہ صدر حسن روحانی سے بھی ملاقات کریں گے۔ دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنے اور بین الاقوامی اور علاقائی پیشرفت کے بارے میں تبادلہ خیال کرنا اس سفر میں دونوں فریقین کے مابین ہونے والے مذاکرات کا ایجنڈا ہے۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ ہفتہ کے روز ایران اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر ، دونوں ممالک کے مابین تعاون کی تاریخی دستاویزات کی نمائش کا افتتاح کریں گے۔ چینی وزیر خارجہ نے ایران سے پہلے سعودی عرب اور ترکی کا سفر کیا ہے اور تہران کے دو روزہ دورے کے بعد وہ متحدہ عرب امارات ، بحرین اور عمان کا دورہ کریں گے۔


































