
آج پاکستان کیلئے فیصلے کا دن ہے، ہمارا ملک غیر مستحکم ہوا تو پاکستان بھی عدم استحکام کا شکار ہوگا اگر وہ ہماری ترقی چاہتے ہیں تو ان کی بھی ترقی ہوگی ،اشرف غنی
دوستی و دشمنی کا انتخاب پاکستان کے ہاتھ میں ہے اور دوستی کی صورت میں افغانستان علاقائی و بین الاقوامی تعاون کو فروغ دے کر تعاون کیلئے آمادہ ہے
کابل ( نیوز ڈیسک ) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلا اس بات پر منحصر ہے کہ پاکستان اپنے ہمسائے کے ساتھ دوستی کرتا ہے یا دشمنی کا فیصلہ کرتا ہے ، پولیس فورس کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر نے کہا کہ غیر ملکی افواج کے انخلا کے اعلان کے ساتھ افغانستان کو تاریخی موقع ہاتھ آیا ہے، آج پاکستان کیلئے فیصلے کا دن ہے، اگر ہمارا ملک غیر مستحکم ہوا تو پاکستان بھی عدم استحکام کا شکار ہوگا اگر وہ ہماری ترقی چاہتے ہیں تو ان کی بھی ترقی ہوگی ،پاکستان کیلئے یہ قسمت کا فیصلہ ہے یا تو وہ مشترکہ طور پر علاقائی تعاون، عالمی پارٹنر شپ اور خطے کا استحکام چاہے گا یا پھر وہ اپنی توانائیاں طالبان اور انتہا پسندی کو مضبوط کرنے میں صرف کرے گا ،پاکستان کو انتہا پسندی کی سب سے زیادہ قیمت ادا کرنا پڑی ہے، یہ فیصلے کی گھڑی ہے اور ہمیں یہ سب دیکھنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد کے برسوں کے بارے میں کئی سال پہلے ہی منصوبے تیار کئے جاچکے ہیں،افغانستان کے صدر نے پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات پر نظرثانی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ دوست اور پڑوسی ملک کی حیثیت سے پاکستان افغانستان کے ساتھ رہے گا۔افغان صدر نے کہا کہ دوستی و دشمنی کا انتخاب پاکستان کے ہاتھ میں ہے اور دوستی کی صورت میں افغانستان علاقائی و بین الاقوامی تعاون کو فروغ دے کر پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے آمادہ ہے۔


































