
ماں باپ کے متعلق احکامات میں سے ایک یہ ہے کہ اولاد کا ان پر سختی کرنا فقہی لحاظ سے حرام ہے۔ چاہے نازیبا الفاظ استعمال کر کے اذیت پہنچائے یا ناشائستہ فعل کے ذریعے ان کو ناراض کرے، شرعا قابل مذمت ہے چنانچہ اس مطلب کو حضرت امام جعفر صادقؑ سے ابن مہزم نے یوں نقل کیا ہے:
ابن مہزم نے کہا کہ جب میں امام جعفر صادق علیہ السلام کی خدمت میں پہنچا تو امام علیہ السلام کی نظر مجھ پر پڑتے ہی فرمایا: اے ابن مہزم کل تو اپنی ماں کے ساتھ کسی چیز پر جھگڑا کر رہا تھا اور تو ان کی گفتگو سے کیوں ناراض ہوا؟ کیا تم نہیں جانتے کہ ان کا شکم تمہاری منزل تھی کہ جس میں تو رہا کرتا تھا اور ان کا دامن تیرا گہوارہ تھا کہ جس میں تو آرام سے لطف اندوز ہوتا تھا۔ ان کا دودھ تیرا کھانا اور پینا تھا۔ (ابن مہزم نے کہا ) جی ہاں! اسی طرح تھا پھر، آپؑ نے فرمایا: پس ان پر سختی نہ کرو۔


































