
راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع کوہلو میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دیسی ساختہ بم کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 افسران شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ قابل اعتبار خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے علاقے کوہلو میں 10 فروری کو کارروائی شروع کی گئی تھی تاکہ دہشت گردوں کو آزادانہ کارروائیوں سے روکا جائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کارروائی کے دوران دیسی ساختہ بم کا دھماکہ ہوا اور کارروائی کرنے والی ٹیم کے قریب دھماکے کے نتیجے میں دو افسران شہید ہوگئے۔
دھماکے کے نتیجے میں میجر جواد اور کیپٹن صغیر نے شہادت پائی اور مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے تاکہ امن کے دشمنوں کو قابو کیا جائے۔


































