
امریکی پابندیوں کےخلاف ایران کو عالمی عدالت انصاف میں اہم کامیابی مل گئی۔ عالمی عدالت انصاف نے امریکی پابندیوں کے خلاف ایران کی درخواست کو قابل سماعت قرار دے دیا ہے۔ ایران نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ عدالت جوہری معاہدے سے نکل جانے کے بعد امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں کو ختم کرے۔ عالمی عدالت انصاف کا کہنا ہے کہ عدالت امریکا کےخلاف درخواست سننےکا اختیار رکھتی ہے، امریکی اقدام سے ایران کی معیشت کو نقصان پہنچا۔ خبر ایجنسی کے مطابق عالمی عدالت کے 15 ججز نے مشترکہ فیصلہ تحریر کیا تاہم ایک جج نے اختلاف کیا۔دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے عالمی عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ عدالت کے فیصلے سے مایوسی ہوئی لیکن عالمی عدالت انصاف کا احترام کرتے ہیں۔ ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ ہم نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ یہ کیس اس کے دائرہ اختیار سے باہر ہے، عدالت نے ہمارے قانونی دلائل کو تسلیم نہیں کیا اس سے مایوسی ہوئی۔


































