
کراچی : امامیہ ایجویشن بورڈ کی جانب سے منعقدہ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے پری بورڈ امتحانات کے رجسٹریشن فارم 22 فروری تک حاصل و جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ جبکہ امتحانات کا آغاز یکم مارچ سے ہوگا اور نتائج کا اعلان اپریل میں کیا جائے گا۔ طلباء و طالبات کی سہولت کے لئے شہر کے تمام اضلاع میں 15 سے زائد مقامات پر رجسٹریشن مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ آن لائن رجسٹریشن کا سلسلہ بھی ساتھ جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار آئی-ایس-او پاکستان کراچی ڈویژن کے تعلیم سیکریٹری علی باقر عابدی نے المصطفی ہاؤس میں منعقدہ بورڈ کے اجلاس میں کیا۔ پری بورڈ امتحانات کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں 22 سے زائد امتحانی مراکز قائم کردیے گئے ہیں جہاں طلبہ و طالبات امتحانات میں حصہ لیں سکیں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی-ایس-او کراچی ڈویژن گذشتہ 30 سالوں سے طلباء و طالبات کی رہنمائی کے لئے امتحانات سے قبل پری بورڈ امتحانات کا انعقاد نہایت ہی احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہے، پری بورڈ امتحانات طلبہ و طالبات کے لیے ہمیشہ مفید اور اپنے محاسبہ کا بہترین زریعہ ثابت ہوئے، پری بورڈ امتحانات میں شہر بھر سے ہر سال طلبہ و طالبات ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔


































