
تہران: ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان گبد ریمدان بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں، تاہم مسافروں کی آمد و رفت جاری ہے۔ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق ایران کی روڈ مینٹیننس اینڈ ٹرانسپورٹیشن آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل حسین حسینی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے گبد ریمدان سرحدی گزرگاہ بند کر دی ہے ۔حسینی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے حکام کے درمیان مسئلے کے حل اور سرحدری گزرگاہ دوبارہ کھولنے کے لیے مذاکرات جاری ہیں
دوسری جانب پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی حکومت کا کہنا ہے کہ پاک ایران بارڈر کی بندش عارضی ہے اور اس کا مقصد سکیورٹی خدشات کا ازالہ، اسمگلنگ کی روک تھام اور سرحدی نظام کو مؤثر بنانا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات شاہد رند نے کہا ہے کہ سرحد کے دونوں اطراف سکیورٹی صورتحال اور انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے عارضی بندش ضروری تھی۔ شاہد رند کا مزید کہنا ہے کہ پاک ایران بارڈر سے متعلق انتظامی مسائل کے حل کے لیے دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان مثبت پیش رفت جاری ہے اور اس تناظر میں سرحد جلد کھلنے کا امکان ہے۔


































